اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں عمران خان کی درخواست بریت پر فیصلہ 4 مئی تک موخر کر دیا۔ع عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کی موجودگی میں بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا جائے گا۔ عمران خان کے وکیل نے تینوں مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایس ایس پی تشدد کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلے کے وقت عدالت نہیں آ سکتے۔
عدالت نے چئیرمین تحریک انصاف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ درخواست بریت پر فیصلہ 4 مئی کو سنایا جائے ، اگر عمران خان نہ آئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت بھی 24 مئی تک ملتوی کر دی۔