لاہور: (دنیا نیوز) مینار پاکستان جلسے کی اجازت کے معاملے پر تحریک انصاف اور انتظامیہ میں ٹھن گئی، پی ٹی آئی نے جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے پر لاہور شہر بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
مینار پاکستان پر 29 اپریل کے جلسے کے لئے تحریک انصاف اور انتظامیہ آمنے سامنے آگئی، پی ٹی آئی کے رہنما شعیب صدیقی نے انتظامیہ کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا اگر اجازت نہ ملی تو پھر حالات کی ذمہ دار انتظامیہ خود ہوگی۔ شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں لاہور کو بند کرنے کی کال بھی دے سکتے ہیں۔
تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے پبلسٹی کے لئے پیسے نہیں لے رہی، پبلسٹی لیٹر جاری کیا جا رہا ہے اور نہ ہی مینارپاکستان میں سامان لے جانے کی اجازت ہے۔
اتنظامیہ کی طرف سے اجازت نہ دینے کے خلاف پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد بھی جمع کردی جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات پر اترآئی ہے ، جلسے جلوس اور ریلیاں ہر جمہوری و سیاسی جماعت کا حق ہے فوری اجازت دی جائے۔