پشاور: (دنیا نیوز) امیر مقام کا کہنا ہے عمران خان نے علی امین کا شہد پی کر شوکاز نوٹس جاری کیے ، سینیٹ الیکشن میں پوری تحریک انصاف زرداری کے ہاتھوں بک گئی۔
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا نے عمران خان کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ ن لیگ کے صوبائی صدر امیرمقام نے کہا ہے کہ عمران خان نے دوسری پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو کیسے شوکاز نوٹسز بھیج دیئے ؟ ہارس ٹریڈنگ کے الزامات سے لیگی ارکان اسمبلی کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ ایم پی اے بابر سلیم کا تعلق ن لیگ سے ہے ، عمران خان ان کو کیسے نوٹس دے سکتے ہیں ، پرویزخٹک نے جو نام لکھ کر دیئے عمران خان نے وہ بول دیئے ، عمران خان کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔
امیر مقام نے کہا کہ ایوب آفریدی، خیال زمان اور فدا خان کو کن خدمات پر ٹکٹ دیاگیا ، سینیٹ ٹکٹ کیلئے ملاکنڈ سے فدا محمد خان کو لایاگیا ، ان لوگوں سے اربوں روپے لئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چور ڈاکو پی ٹی آئی میں شامل ہوجاتے ہیں وہ صاف ہوجاتے ہیں ، جن کی زیادہ آف شور کمپنیاں ہیں وہ بھی پی ٹی آئی میں شامل ہیں۔