پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پختونخوا کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں انتخابات کے لیے امیدواروں کی درخواستوں کی ابتدائی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔ چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ تعلیم یافتہ، متحرک اور پارٹی کے جانثار نوجوانوں کی بطور خاص سامنے لائیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے زیرِ صدارت پختونخوا کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی درخواستوں کی ابتدائی جانچ پڑتال کی گئی۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک سمیت بورڈ کے اراکین اجلاس میں شریک ہوئے۔ تحریکِ انصاف الیکشن مینجمنٹ سیل کے سربراہ کی جانب سے بورڈ کو مفصل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں 4 مئی کی حتمی تاریخ گزرنے کے بعد ٹکٹوں کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امیدواروں سے ٹکٹ کی درخواست کیساتھ حلف وفاداری وصول کیا جائے۔ امیدوار تحریری طور پر حلف دیں گے کہ ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں پارٹی نظم سے انحراف نہیں کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پختونخوا میں تحریک انصاف مضبوط اور مستحکم ہے۔ امیدواروں کے چناؤ میں نہایت احتیاط برتیں گے۔ تعلیم یافتہ، متحرک اور پارٹی کے جانثار نوجوانوں کی بطور خاص سامنے لائیں گے۔