اسلام آباد: (دنیا نیوز) سراج الحق کے بیان کے بعد جماعت اسلامی اور تحریکِ انصاف میں اختلافات عروج پر پہنچ گئے۔ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ اوپر سے حکم کی بات بنی گالہ کی طرف اشارہ تھا۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سراج الحق ہماری وجہ سے سینیٹر بنے۔
سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدنے اور بیچنے کی گونج ڈیڑھ ماہ بعد بھی برقرار ہے۔ ایسے میں سراج الحق کے بیان نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا تو پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی میں ٹھن چکی ہے۔ ایک دوسرے پر چڑھائی اور صفائیاں پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
سراج الحق کے بیان اوپر سے حکم کس کا تھا؟ پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اپنی منطق سامنے لے آئے اور کہا کہ اشارہ بنی گالہ کی طرف تھا۔
ادھر پی ٹی آئی کیمپ سے امیرِ جماعت اسلامی پر بھی حملے تیز ہو گئے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے طنز کیا ہے کہ سراج الحق پی ٹی آئی کے ووٹوں سے ایوان بالا پہنچے۔
پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں اپنی اتحادی جماعت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے چیف سیکرٹری سے جماعت اسلامی کے وزراء کی طرف سے کی گئی بھرتیوں سمیت دیگر تفصیلات مانگ لی ہیں۔