سپریم کورٹ کا ریلوے میں اربوں روپے خسارے کا آڈٹ کروانے کا حکم

Last Updated On 28 April,2018 02:34 pm

آپ کی بات میں تضاد محسوس ہوتا ہے، سعد رفیق کے قابل احترام کہنے پر چیف جسٹس کے ریمارکس

 

لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں محکمہ ریلوے میں اربوں روپے خسارے سے متعلق ازخود نوٹس کی ساعت ہوئی۔ چیف جسٹس کے حکم پر وزیر ریلوے سعد رفیق پیش ہوئے۔ عدالت نے ریلوے خسارے کا آڈٹ کرا کے 6 ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ چاہتے ہیں ایسا نظام وضع کر کے جائیں تا کہ کوئی من مانی نہ کر سکے۔ چیف جسٹس کے حکم پر وزیر ریلوے سعد رفیق پیش ہوئے تو انھوں نے کہا کہ آپ ہمارے قابل احترام چیف جسٹس ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے جملے میں سے قابل احترام کا لفظ نکال دیں، عدالت میں قابل احترام کہنے سے آپ کی بات میں تضاد محسوس ہوتا ہے، قابل احترام عدالت کےاندر کہا جائے تو باہر بھی سمجھا جائے؟

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے بڑی محنت کی ہے، انھوں نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اقدامات کی وجہ سے صرف عوام کو نہیں بلکہ حکومت کو بھی ریلیف ملا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اضافی سیکیورٹی سرکاری خزانے سے دی گئی تھی، واپس کروا لی ہے، انھوں نے ریلوے خسارے کا 6 ہفتوں میں آڈٹ کروانے کا حکم دیتے ہوئے وزیر ریلوے کو کہا کہ آڈٹ رپورٹ ٹھیک آنے کے بعد تعریف بھی کریں گے۔