کراچی: (دنیا نیوز) پاک نیوی کی کھلے سمندر میں آٹھ دنوں سے بے یارو مددگار اور مشکلات کا شکار بھارتی ماہی گیر کشتی کو امداد کی فراہمی، بھارتی ماہی گیروں نے اظہار تشکر اور کھلے سمندر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔
ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ماہی گیر کشتی ”ایس ٹی مارس“ انجن میں خرابی کی وجہ سے کھلے سمندر میں مشکلات کا شکار تھی۔ کشتی پر عملے کے بارہ افراد سوار تھے جنہیں اشیائے خورونوش، طبی امداد اور کشتی کو مرمت کی اشد ضرورت تھی۔
اطلاع ملتے ہی پی این ایس عالمگیر کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھارتی کشتی کے انجن کی فنی خرابی کو دور کیا اور کشتی کو سمندر میں دوبارہ چلنے کے قابل بنایا جبکہ پی این ایس عالمگیر کی میڈیکل ٹیم نے بھارتی کشتی پر پہنچ کر مریضوں کو طبی امداد اور اشیائے خورونوش فراہم کیں۔
بھارتی ماہی گیروں نے بروقت امداد کی فراہمی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور اظہارِ تشکرمیں پاک بحریہ کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ بحری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ کھلے سمندر میں انسانی مدد کے آپریشنز کی انجام دہی میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ یہ آپریشن اس بات کا بھی غماز ہے کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے۔