لاہور: پی ٹی آئی کے بڑے میچ کیلئے تیاریاں، مینارِ پاکستان پر پنڈال سج گیا

Last Updated On 29 April,2018 05:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں تحریکِ انصاف کے بڑے میچ کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ مینار پاکستان پر پنڈال سج گیا۔ کھلاڑی پرجوش، خواتین اور بچے بھی پیچھے نہیں، پارٹی ترانوں پر رقص اور بھنگڑے، جلسہ گاہ میں ہر سو پارٹی پرچموں اور سائن بورڈز کی بہار، بڑی سکرینیں بھی نصب ہیں، دیگر شہروں سے قافلوں کی آمد جاری ہے۔

لاہور میں تحریکِ انصاف کا سونامی پلس، ن لیگ کے گڑھ میں پی ٹی آئی کا بڑا پاور شو، مینارِ پاکستان اور اطرف میں میلے کا سماں، ہر طرف جنون ہی جنون، مینارِ پاکستان پر بڑا سٹیج تیار، پنڈال سج گیا۔ ہر سو پارٹی پرچموں کی بہار، کھلاڑی خوشی سے نہال، میوزک کے تڑکے پر رقص، بھنگڑے اور دھمال، خواتین انکلوژر میں کپتان کی ٹائیگریسز کا جنون عروج پر، پارٹی کیپس اور فیس پینٹنگز نے بھی خوب رنگ جمایا۔

بڑے تو بڑے جلسے میں ننھے کھلاڑی بھی پرجوش ہیں۔ پرچم والے لباس پہنے بچہ پارٹی کا جوش و جذبہ سر چڑھ کر بولتا رہا۔ شہر شہر سے قافلوں کی آمد کے باعث مینارِ پاکستان فلائی اوور پر رش، جگہ جگہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، لاہور شہر میں عمران کی تصاویر والے بڑے بڑے بینرز، خیر مقدمی پوسٹر اور پینا فلیکس توجہ کا مرکز رہے۔