لاہور (دنیا نیوز ) پی ٹی آئی نے سونامی پلس کی تیاریاں مکمل کرلیں، عمران خان سمیت قیادت نے انتظامات کا جائزہ لیا، مینار پاکستان پر چاند رات کے دوران موسیقی کا تڑکا بھی لگایا گیا، آتش بازی نے آسمان پر رنگ بکھیر دئیے۔
تیس اکتوبر دو ہزار گیارہ کے بعد انتیس اپریل دو ہزار اٹھارہ، وہی میدان وہی کھلاڑی، وہی کپتان، آج انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور تحریک انصاف کا پنڈال مینار پاکستان بنے گا۔ مینار پاکستان میں مرکزی سٹیج 36 کنٹینروں کی مدد سے بنایا گیا جس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 60 فٹ رکھی گئی ہے۔
سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے، دو ہزار اہلکار تعینات ہونگے، تین مقامات پر چیکنگ ہو گی، عوام کیلئے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا، عمران خان، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی سمیت تمام لیڈرشپ جلسہ گاہ پہنچی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا، مینار پاکستان پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ جلسے میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کی آمد جاری ہے، خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد لاہور پہنچ گئی۔