لاہور: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف نے لاہور میں 29 اپریل کو مینارِ پاکستان پر بڑے جلسے کی تیاریاں کر لیں، کارکنوں نے ناصر باغ سے ریلی نکالی جبکہ وزیرِاعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔
مینارِ پاکستان پر جلسے کا ٹیمپو بنانے کیلئے کھلاڑی لاہور کی سڑکوں پر نکل آئے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ناصر باغ سے ریلی نکالی اور بلے اٹھائے کارکن پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے۔
سبزہ زار میں وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور دیگر رہنماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا، گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
مینارِ پاکستان پر جلسے کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، رات ہوتے لائٹس جلا دی گئیں۔ کپتان نے اس جلسے میں حکومت بننے کی صورت میں اپنے سو روزہ پلان دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو بھی ہفتے تک لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ کپتان کے کھلاڑی جلسہ کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور صرف خیبر پختونخوا ہی نہیں دیگر صوبوں سے بھی قافلے لاہور کی طرف رواں دواں ہیں۔