لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے بیان پر چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے اور تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی جانب سے تاثر دیا جا رہا ہے کہ بڑی وکٹ گرنے کے فیصلے سے پہلے ہی انھیں بتا دیا گیا تھا۔
صوبائی وزیر قانون پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کے فیصلے کو جو رنگ دیا جا رہا ہے اس پر چیف جسٹس پاکستان کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران نے ایک دن پہلے ہی کہا تھا کہ ن لیگ کی بڑی وکٹ گرنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طلب کر کے باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے امیدوار کہتے ہیں کہ انکے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہوگئے ہیں، تحریک انصاف اگر تکنیکی بنیادوں پر سیاسی مخالفین کو آؤٹ کرنا چاہتی ہے تو پھر اس کا خدا ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا باقی صوبوں کو دیکھ کر بجٹ پیش کرنے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔