عام انتخابات میں کامیابی ملی تو ترجیحات کیا ہونگی ؟ کپتان نے لائحہ عمل بنا لیا

Last Updated On 27 April,2018 10:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت ملی تو ترجیحات کیا ہوں گی، عمران خان نے مینارپاکستان جلسے میں اپنی حکومت کے پہلے 100 دن کا پلان دینے کا فیصلہ کر لیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے مینار پاکستان کے جلسے پر حکومت ملنے کی صورت میں اپنی ترجیحات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے پاکستان میں کپتان کا معاشی پلان کیا ہوگا اس حوالے سے مینارپاکستا ن پر اعلان ہوگا۔ تعلیم، صحت، روز گار، امن اور ترقی کے شعبوں میں کیا ہوگا کپتان اس بارے میں بھی بتائیں گے۔

عمران خان کرپشن کے خاتمے، سیاسی دباؤ سے پاک گورنس کا بھی اعلان کریں گے، خارجہ محاذ پر برابری کی بنیاد پر خود مختار آزاد خارجہ پالیسی کے نکات بھی قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔ اس ضمن میں جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، چوہدری سرور اور دیگر پر مشتمل کمیٹی نے سفارشات مرتب کرلی ہیں۔

پہلے 100 دن کی حکومت میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے اقدامات کا بھی جلسے میں اعلان ہوگا۔ مرکزی ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان مینار پاکستان جلسے میں نئے پاکستان کا مکمل پلان دیں گے، پارٹی کی اعلی سطحی کمیٹی کی مشاورت سے پہلے100 دن کے اقدامات کی سفارشات تیار کر لی ہیں۔