لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر بڑے جلسے کیلئے بڑا سٹیج تیار، 29 اپریل کے اجتماع کیلئے عمران خان کی مینار پاکستان آمد، انتظامات کا جائزہ لیا۔ کھلاڑیوں کی آج چاند رات، جشن کا اعلان، میوزک، آتشبازی سب انتظام مکمل ہوگئے۔ راحت فتح علی کی آواز میں نیا پارٹی ترانہ بھی تیار ہوگیا۔
تیس اکتوبر دو ہزار گیارہ کے بعد انتیس اپریل دو ہزار اٹھارہ، وہی میدان، وہی کھلاڑی اور وہی کپتان، انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ مینار پاکستان میں مرکزی سٹیج 36 کنٹینروں کی مدد سے بنایا گیا۔ جس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 60 فٹ رکھی گئی ہے۔
سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔ دو ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔ تین مقامات پر چیکنگ ہو گی۔ عوام کیلئے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔
عمران خان، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی سمیت تمام لیڈرشپ جلسہ گاہ پہنچی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا، مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
جلسے میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کی آمد جاری ہے، خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد لاہور پہنچ گئی ہے۔