لاہور: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا مینارِ پاکستان پر جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ یہ وہ سبزہ زار ہے جہاں قائدِاعظم کی قیادت میں ہندوستان کے مسلمانوں کا فیصلہ ہوا۔ آج قوم نے عمران خان کو پکارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان 72 سالوں میں پاکستان کی کیفیت کیا ہو گئی۔ آدھا پاکستان 70ء کی دہائی میں دولخت ہو گیا۔ آج ملک کا ہر بچہ 1 لاکھ 30 ہزار کا مقروض پیدا ہو رہا ہے۔ آج 70 ہزار شہادتیں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ آج پھر عمران نے قوم کو پکارا، قوم منٹو پارک امڈ آئی ہے۔ جن کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا، ان کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ کیا آپ بھتہ خوروں کا مقابلہ کرو گے؟ آج 8 سالہ زنیب کی ماں سوال کر رہی عمران کیا اسے انصاف دلواؤ گے؟
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے خطاب میں سب سوالوں کا جواب دیں گے۔ اگر عمران نے سارے سوالوں کا جواب دیا تو پھر عمران کا ساتھ دو، قوم نے طویل انتظار کر لیا ہے، اب نہیں تو کب لاہوریوں چپ کے تالے کھولو۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین صاحب! سارے ایک سوال لے کر آئے ہیں، کہتے ہیں کہ ہم تمہاری کال پر آتے ہیں۔ جس کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، کیا تم اسے دوبارہ مسلط ہونے دو گے؟ قبضہ مافیا، بھتا خوروں کا مقابلہ کرو گے یا مصلحت کی سیاست کرو گے؟ اب قوم کہہ رہی نہ تیری، نہ میری اس دفعہ عمران کی باری ہے۔