کراچی: (دنیا نیوز) سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے منگھوپیرمیں میڈیکل کیمپ لگایا گیا جس میں علاقہ مکینوں نے بھرپور شرکت کی اور علاج معالجے کی سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔
ایک عرصے تک جرائم اور دہشتگردی کا شکار رہنےوالے منگھوپیر کراچی کے مکینوں کو سکون ملنے لگا، رینجرز نے نہ صرف امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ صحت کی بنیادی سہولت کو علاقہ مکینوں تک پہنچانے کی انتھک کوششوں میں بھی مصروف ہے۔ اسی سلسلے میں سندھ رینجرز کی جانب سے منگھو پیر میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا جہاں سیکڑوں علاقہ مکینوں نے طبی سہولیات حاصل کیں ۔
میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو ادویات، بلڈ ٹیسٹ، ایکسرے، الٹرا ساونڈ اور دیگر لیب ٹیسٹس کی سہولیات مفت فراہم کی گئیں، خواتین کے لیے میڈیکل کیمپ میں ہمہ وقت گا ئناکولوجسٹس بھی موجود تھیں۔ ذہنی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کلینیکل سائیکولوجی کے ماہرین نے بھی علاقہ مکینوں کا چیک اپ کیا۔