کوئٹہ (دنیا نیوز )بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں حادثات کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، دو حادثات میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 23 ہوگئی، نو مزدور زخمی ہوئے، ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق سوات سے تھا۔
اسپین کاریز اور مارگٹ کی کوئلے کی کانوں میں حادثات گذشتہ روز پیش آئے، اسپین کاریز میں سرکاری پی ایم ڈی سی کوئلے کی کان میں حادثہ پیش آیا، ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ آپریشن کے دوران مزید پانچ مزدوروں کی لاشیں نکالیں جس کے بعد جاں بحق مزدوروں کی تعداد سات ہوگئی، دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
اس سے پہلے مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 16 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے تھے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔ امدادی کاموں میں ایف سی، لیویز اور پی ڈی ایم اے نے بھی حصہ لیا۔ دونوں حادثات میں جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق سوات سے تھا جن کی میتیں آبائی علاقے کو روانہ کر دی گئیں۔