کوئٹہ: (دنیا نیوز) نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اندرونی نہیں بلکہ بیرونی حالات سے خطرہ ہے۔ امریکی صدر کے بیانات اور افغانستان کے حالات سے خطے میں ایک تناؤ ہے۔ ملک کے تمام اداروں کو باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے چاہیں۔
نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجو کا پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لیے کوشش ہو گی کہ دیگر پارٹیوں سے اتحاد بنائیں۔ اختلافات اپنی جگہ لیکن سیٹ ایجسٹمنٹ کے لیے الائنس کسی سے بھی ہو سکتا ہے۔ نیشنل پارٹی تمام جماعتوں سے الائنس بنانے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ملتوی ہونے کی کوئی وجہ نظر نہیں آ رہی اور الیکشن ہر حال میں مقررہ وقت پر ہونے چاہیں۔ حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات کی بنیاد پر الیکشن کے انعقاد میں تاخیر نہیں چاہتے۔
صدر نیشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ نئی سیاسی جماعت کا مستقبل صرف نام کی حد تک ہے۔ ووٹ کو عزت دو کے ساتھ ووٹر کو بھی عزت ملنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی نہیں بلکہ بیرونی حالات سے خطرہ ہے۔ امریکی صدر کے بیانات اور افغانستان کے حالات سے خطے میں ایک تناؤ ہے۔ ملک کے تمام اداروں کو باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے چاہیں۔