پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا گیا

Last Updated On 13 May,2018 02:18 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز ) سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے بہت سی درخواستیں آ رہی ہیں کہ جہازوں پر پاکستان کے جھنڈے کی جگہ جانور کی تصویر لگا دی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے پی آئی اے کے جہازوں سے قومی پرچم ہٹائے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے قومی ایئر لائن کے ایم ڈی مشرف رسول کی سخت سرزنش کی۔ طیاروں پر جانور کی تصویر پینٹ نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قومی ایئرلائن کے ایم ڈی سے کہا حکومت نے پی آئی اے کو 20 ارب کا بیل آؤٹ پیکج دیا، پیسے پی آئی اے کی بہتری کیلئے ہیں پینٹگز بنانے کیلئے نہیں، کیا پی آئی اے منافع میں ہے جو ایسے کام کر رہی ہے۔ ایم ڈی مشرف رسول نے بتایا ابھی صرف ایک جہاز پر مارخور کی تصویر بنائی گئی ہے باقی جہاز پینٹ نہیں کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کل رات میری فلائٹ بھی ڈیڑھ گھنٹہ لیٹ ہوئی ، اس کی کیا وجہ ہے ؟ ایم ڈی نے بتایا جہاز کی مرمت تاخیر کی وجہ بنی۔ ایئربلیو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سانحہ کے 142 شہدا کے اہلخانہ کو 50 لاکھ فی کس معاوضہ دے چکے ، باقی 10 متاثرین کے چیک پیش کر دیئے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے متاثرین کو مارک اپ بھی دلوائیں گے۔
 

Advertisement