پرواز کے دوران فراہم کئے جانے والے چینی کے پیکٹوں پر تین ماہ بعد جولائی کی مینوفیکچرنگ تاریخ درج کر دی گئی تھی ، تحقیقات کا حکم
کراچی (دنیا نیوز ) پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان نے قومی ائیر لائن کی پرواز پر فراہم کی جانے والے چینی کے پیکٹ پرغلط تاریخ کے اندراج کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اےکی کراچی سےاندرون ملک جانے والی پروازپر مسافروں کو کھانے کی ٹرے میں چینی کے جو پیکٹ مہیا کیے گئے،ان پر تین ماہ بعد جولائی کی مینوفیکچرنگ تاریخ درج تھی۔
پی آئی اے میں فلائٹ کچن سمیت دیگر امور کی جانچ پڑتال کے لیے باقاعدہ کوالٹی کنٹرول کا شعبہ موجود ہے مگر حیرت انگیز طور پر چینی کے غلط تاریخوں والے پیکٹ فلائٹ کچن سے جہاز پر پہنچا دیئے گئے، ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل فلائٹ کچن کے حوالے سے مسافروں کو بغیر دستانے اور چمچے کے لنچ باکسز میں کھانے پیک کرنے کی تصاویر بھی منظرعام پر آچکی ہیں ،لہذا اس واقعے کا یہ رخ بھی دیکھا جارہا ہے کہ ایسا محض انسانی غلطی کی وجہ سے ہوا یا پھر یہ معاملہ جان بوجھ کر پیدا کیا گیا۔
واقعے کے بعد پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان نے تحقیقات کا حکم دے دیا، قومی ائیر لائن کے سی ای او نے فلائٹ کچن سمیت دیگر سہولیات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے، دوسری جانب ترجمان پی آئے کا کہنا ہے کہ غلط تاریخ والے چینی کے پیکٹ کی وجہ سے قومی ائیر لائن کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے ،اس وجہ سے پی آئی اے کے سپلائر کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ سپلائر کی جانب سے پی آئی اے کو دیا جانے والے چینی کا تمام سٹاک واپس کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس واقعے میں اگر کوئی پی آئی اے ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔