اسلام آباد: (دنیا نیوز) قوی ایئر لائن پی آئی اے کا لوگو تبدیل کردیا گیا ہے اور اب جہازوں پر قومی جانور کی تصاویر پینٹ کی جائیں گی۔ جہازوں کے انجنوں اور کاک پٹ کےدروازوں پر بھی مارخود کی چھوٹی تصاویر ہوں گی جب کہ طیارے کے اگلے حصے پر پائلٹ گیٹ کے پاس پاکستانی جھنڈا بھی بنایا جائے گا۔
پی آئی اے طیاروں کا رنگ اور لوگو تبدیل کر دیا۔ قومی ایئر لائن کے لوگو تبدیلی کی تقریب ایوی ایشن ڈویژن اسلام آباد میں ہوئی۔ مشیر ہوابازی سردار مہتاب نے پی آئی اے کے نئے لوگو کا ا فتتاح کیا۔ پی آئی اے طیاروں کی دم پر اب قومی پرچم کی جگہ قومی جانور مارخور نمایاں ہو گا۔ 20 اپریل کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا افتتاح ہے، اس موقع پر منصوبہ ہے کہ اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے ایک نئے انداز میں نظر آئیں، اس لیے طیاروں کا ڈیزائن اور لوگو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پی آئی اے کے طیاروں کی دم پر قومی پرچم کی جگہ قومی جانور مارخور پینٹ کیا جائے گا، اس سلسلے میں مختلف ڈیزائن زیر غور ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پی آئی اے کو نئی بلندیوں تک لیکر جائیں گے۔ پی آئی اے کو دنیا کی جدید ترین ایئرلائن میں شامل کرنا حکومت کی اولین ہدف ہے۔
ادھر ایوی ایشن ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں کے ڈیزائن میں تبدیلی کی منظوری پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے نہیں لی گئی ہے، جو ضروری ہے ، خود پی آئی اے میں بھی بعض افسران طیاروں پر قومی پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر لگانے کو مناسب خیال نہیں کر رہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے آخری بار طیاروں کا رنگ اور لوگو 2010 ء میں تبدیل کیا تھا۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق اس طرح کی تبدیلیاں اداروں میں ہوتی رہتی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ اس فیصلے پر عمل درآمد سے قبل مکمل طور پر آگاہ کرے گی۔