پی آئی اے طیاروں کا رنگ اور لوگو تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار

Last Updated On 06 April,2018 08:55 am

ایئر لائن پر کروڑوں کا بوجھ پڑیگا، بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری لینا ہو گی۔

کراچی: (روزنامہ دنیا) خسارے کا شکار قومی ایئرلائن پی آئی اے کے طیاروں کا رنگ اور لوگو ایک بارپھر تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے ، جس سے ادارے پر کروڑو ں روپے کا بوجھ پڑے گا۔

باخبر ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیاروں کی دم پر اب قومی پرچم کی جگہ قومی جانور مارخور نمایاں ہو گا۔ 20 اپریل کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا افتتاح ہے ، اس موقع پر منصوبہ ہے کہ اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے ایک نئے انداز میں نظر آئیں، اس لیے طیاروں کا ڈیزائن اور لوگو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پی آئی اے کے طیاروں کی دم پر قومی پرچم کی جگہ قومی جانور مارخور پینٹ کیا جائے گا، اس سلسلے میں مختلف ڈیزائن زیر غور ہیں۔

ادھر ایوی ایشن ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں کے ڈیزائن میں تبدیلی کی منظوری پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے نہیں لی گئی ہے، جو ضروری ہے ، خود پی آئی اے میں بھی بعض افسران طیاروں پر قومی پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر لگانے کو مناسب خیال نہیں کر رہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے آخری بار طیاروں کا رنگ اور لوگو 2010 ء میں تبدیل کیا تھا۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق اس طرح کی تبدیلیاں اداروں میں ہوتی رہتی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ اس فیصلے پر عمل درآمد سے قبل مکمل طور پر آگاہ کرے گی۔