پی آئی اے کے پاس کتنے پائلٹس ہیں ؟ عدالت کا کارکردگی رپورٹ پیش کرنیکا حکم

Last Updated On 12 May,2018 01:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے چیف ایگزیکٹو پی آئی اے مشرف رسول کو شام 4 بجے تک کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں صبح سویرے نجی و سرکاری ایئرلائنز کے افسران کی پیشی ہوئی، پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق نہ ہونے پر جرمانے کر دیئے۔ ایئربلیو کے ایم ڈی جنید خان پیش ہوئے تو عدالت نے ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر پر 50 ہزار روپے فاطمید فاؤنڈیشن میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ جنید خان نے پوچھا کہ وزیراعظم کو طلب کرنے سے متعلق بریکنگ نیوز چل رہی تھیں۔ چیف جسٹس نے کہا شاہد خاقان عباسی سیاسی آدمی ہیں، سیاسی لوگوں کی بریکنگ چلتی رہتی ہیں، وزیراعظم کو طلب نہیں کیا۔ ڈگریوں کی تصدیق نہ ہونے پر شاہین ایئر کے چیف ایگزیکٹو پر بھی لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

پی آئی اے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر چیف ایگزیکٹو مشرف رسول سیاں عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کیا آپ کو تنخواہ مل گئی ؟ غریبوں کو تنخواہ کیوں نہیں دیتے ؟ چیف جسٹس نے پی آئی اے کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ 20 اپریل 2012ء کو پیش آنے والے بھوجا ایئرلائن طیارہ حادثے کے متاثرین بھی عدالت میں پیش ہوئے جن کا کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے بننے والے کمیشن نے سول ایوی ایشن اور بھوجا ایئرلائن کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا، ایف آئی آر درج ہوئی مگر آج تک کارروائی نہ ہوسکی۔ چیف جسٹس نے مقدمے سے متعلق آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔

 

Advertisement