اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کا ملک بھر میں انٹرنیٹ سسٹم خراب ہونے سے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ ہزاروں مسافر روزے کی حالت میں خوار ہوتے رہے۔ عملہ کاؤنٹر چھوڑ کر ہی فرار ہو گیا۔
پی آئی اے آن لائن انٹرنیٹ سسٹم میں خرابی سے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ بھی زد میں آ گیا۔ فلائٹ شیڈول متاثر ہونے سے ہزاروں مسافر خوار ہو گئے۔ صورتحال سے پریشان پی آئی اے عملہ کاؤنٹر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ مسافروں کو بورڈنگ کارڈ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پروازیں تاخیر کا شکار ہونے سے خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ مانچسٹر کی فلائٹ گھنٹوں لیٹ ہونے سے ڈیڑھ سو سے زائد روزہ دار مسافر پریشانی میں ائیرپورٹ پر بیٹھے ہیں۔
سسٹم میں فنی خرابی سے اندرون ملک پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ سسٹم کی خرابی درست کرنے کے بجائے اب مینول طریقے سے مسافروں کو بورڈنگ کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ انتظار کریں۔