اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہر قوم کو چیلنجز کا سامنا رہتا ہے، ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے ہی کامیاب ہوتے ہیں، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ انکے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس سے انہوں نے اس بات کو زیادہ یقین سے جانا ہے کہ مارنے والے سے بچانے والا زیادہ بڑا ہوتا ہے، لگنے والی گولی ہمیشہ یاد دلاتی رہے گی کہ اللہ سب سے بڑا ہے، گولی نے بازو پاش پاش کردیا لیکن جذبے پر ذرا برابر فرق نہیں آیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈیپریشن پیدا کرنے والے لوگ سقراط اور بقراط بنے ہوئے ہیں، ہرشام وہ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر کہتے ہیں کہ پاکستان کا ستیاناس اور بیڑا غرق ہوگیا، یہ شاید عوام کے نہیں ڈپریشن کی دوائیاں بیچنے والوں کے نمائندے ہیں، اقتصادی ترقی چوکے چھکوں کا میچ نہیں یہ ٹیسٹ میچ کی طرح ہے جس میں اسی کی جیت ہوگی کہ جو زیادہ وقت اور تحمل کے ساتھ کھیلےگا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہر وقت بیڑا غرق اور ستیا ناس جیسی کہانیاں سنتے رہے ہیں لیکن پاکستان ایسا ملک نہیں، ہم اپنے تمام چیلنجزپر قابوپا لیں گے، آج ہمیں خطرناک ملک نہیں تیزی سے ترقی حاصل کرنے والا ملک کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں دنیا کہتی تھی کہ ہم پتھرکے دور میں چلے گئے ہیں اور آگ سے روشنی لے رہے ہیں، ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی اور ملک میں 10 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی پیدا کی، ہم اس وقت 3 جی اور 4 جی ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں لیکن پاکستان 5 جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے صف اول کے ممالک میں ہو گا۔