پیپلز پارٹی کو بڑا دھچکا، فہمیدہ مرزا نے علیحدگی اختیار کر لی

Last Updated On 19 May,2018 01:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سندھ میں احتساب کا نعرہ بلند کر دیا، کہتی ہیں جو اُن کی شرائط مانے گا، وہ اس جماعت میں شامل ہو جائیں گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی احتساب ہونا چاہیے۔ 10 سال کی کرپشن اور گناہ کیسے نظر انداز کیے جا سکتے ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے ایک کروڑ بچوں کی نشوونما ٹھیک نہیں، آپ کی زمینیں سیراب ہو رہی ہیں لیکن غریب آدمی مر رہا ہے۔ سندھ میں عوام جانوروں سے بدتر زندگی گزار رہے ہیں۔

فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد جمہوریت کے لیے تھی، محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ مشکل وقت میں عوام کے لیے آئی تھی لیکن پورے سندھ کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے۔ میرے بار بار آواز اٹھانے کے باوجود کوئی کام نہیں کیا گیا۔ عوام کے لیے پانی، بجلی اور نوکریوں کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ سندھ کو ایک کارپوریٹ بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ غیر سیاسی لوگوں کے ذریعے سندھ کو چلایا جا رہا ہے۔ سندھ میں صرف اپنے مفاد کے لیے کام ہو رہا ہے۔ شفاف الیکشن ہوئے تو پی پی چند اضلاع تک محدود ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے سے آگے بڑھنا چاہتی ہوں، جس پارٹی میں جاؤں گی میری اپنی شرائط ہونگی۔ جو اُن کی شرائط مانے گا وہ اس جماعت میں شامل ہو جائیں گی۔