وزیراعظم پارلیمنٹ میں نواز شریف کے بیان کی وضاحت کریں: خورشید شاہ

Last Updated On 14 May,2018 05:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو ان حالات میں سنبھل کر بولنا چاہیے، انکے بیان پر قومی سلامتی کمیٹی میں حکومت فیصلہ کرے کہ کیا کرنا ہے ؟ اور وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں آج صبح قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کیلئے دعوت نامے کا علم ہوا لیکن اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ نوازشریف کا تعلق موجودہ حکومت سے ہے،وہ تواپوزیشن لیڈر ہیں، حکومت فیصلہ کرے کیا کرنا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اپنے فیصلے کرے اور وزیراعظم ان فیصلوں پر پارلیمنٹ میں آ کر وضاحت کریں اور اعتماد میں لیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ لفظوں کے کئی معنی نکلتے ہیں، ان پوزیشنز پر رہنے والوں کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی سلامتی معاملات پر ہم سب ذمہ دار ہیں، چاہے اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں، پارلیمنٹ میں ہوں نہ ہوں، قومی سلامتی سب کا مسئلہ ہے۔