اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں لیگی وزرا کے خواتین سے متعلق نازیبا بیانات کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں نے معاملہ خاتون محتسب کے سامنے اٹھا دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں ن لیگی وزراء کی جانب سے خواتین کے بارے میں نازیبا بیانات کی گونج اب قومی اسمبلی تک جا پہنچی ہے، قومی اسمبلی میں اس حوالے سے مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
یہ درخواست پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن شیریں مزاری کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان (ن) لیگی وزراء کے پی ٹی آئی خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کی مذمت کرتا ہے۔
اس موقع پر قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ نہیں بلکہ اخلاق کے دائرے میں بات کرنی چاہیے۔ موجودہ حکومت نے ووٹ کوعزت دو کا بیانیہ دیا لیکن ان کی اپنی پارٹی ”ووٹ کو عزت دو“ کیخلاف کام کر رہی ہے۔ عوامی مینڈیٹ لینے والوں کو ایسی زبان کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔