نگران وزیرِ اعظم کے نام ظاہر کیوں کیے،؟ خورشید شاہ پی ٹی آئی سے ناراض

Last Updated On 17 April,2018 09:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نگران وزیرِ اعظم کے نام ظاہر کرنے پر پی ٹی آئی سے خفا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کی جانب سے نام اعلان کرنے پر حیران ہوں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے نام میڈیا کے ذریعے مجھ تک پہنچ گئے، اب تحریک انصاف کے ساتھ بیٹھنے کی ضرورت نہیں ہے، نگران وزیرِ اعظم کا فیصلہ میں نے اور وزیرِ اعظم نے کرنا ہے، کسی اور نے نہیں۔

دوسری جانب خورشید شاہ کی ناراضی پر تحریکِ انصاف نے انھیں کھرا جواب دیدیا ہے۔ پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ نگران وزیرِ اعظم کے ناموں کے حوالے سے خورشید شاہ کا بیان حیران کن ہے۔ بلا تحقیق تحریک انصاف پر ناموں کے اجراء کا الزام باعث تعجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے باضابطہ طور پر نام جاری کئے نہ ہی اس بارے میں کوئی بیان جاری کیا۔ اخبار میں چھپنے والی خبر کی بنیاد پر انتہائی نوعیت کا بیان یقیناً حیرت کا باعث ہے۔
 

Advertisement