اسلام آباد: (شاکر سولنگی ) حکومت اور اپوزیشن کا اچھی ساکھ رکھنے والے شخص کو نگران وزیراعظم مقرر کرنے پر اتفاق، اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ ریٹائرڈ جسٹس تصدق جیلانی بھی ہمارے امیدواروں میں شامل ہیں مگر ان کو ترجیح حاصل نہیں کوئی ریٹائرڈ جنرل بھی اس عہدے پر فائز ہو سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ نگران وزیراعظم کے لئے اچھی ساکھ رکھنے والا شخص ہی اہل ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ جنرل، بیوروکریٹ، ریٹائرڈ جج اور سیاستدان سمیت کوئی نیا چہرہ بھی ہو سکتا ہے، اپوزیشن کے ناموں میں جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی کا نام بھی شامل ہے۔
خورشید شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے دنیا نیوز کو بتایا کہ تصدق جیلانی اچھی شہرت کے حامل ہیں ان کا نام شامل ہے مگر جسٹس تصدق جیلانی کے نام کو ترجیح حاصل نہیں، تصدق جیلانی کا نام چیف الیکشن کمیشن کے لئے دیا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا، وزیر اعظم سے ملاقات میں صرف ایک بات پر اتفاق ہوا ہے کہ 15 مئی تک نام فائنل کرلیں گے، نگران وزیر اعظم کوئی بھی اچھی شہرت والا ریٹائرڈ جنرل بھی ہوسکتا ہے۔