اسلام آباد: (دنیا نیوز) خورشید شاہ نے انتخابات سے قبل بھرتیوں اور ترقیاتی سکیموں پر پابندی مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو فیصلے پر نظر ثانی کیلئے خط لکھ دیا۔
قائدِ حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرتیوں اور ترقیاتی سکیموں پر پابندی اور ہدایات قابل ستائش مگر قبل از وقت ہیں۔ اس وقت پابندی لگی تو حکومتی نظام مکمل طور پر رک جائے گا۔ الیکشن کمیشن پابندیوں سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
خورشید شاہ نے خط میں کہا کہ حکومتی نظام درست طریقے سے چلانے کے لیے الیکشن شیڈول جاری ہونے تک پابندی نہ لگائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سینئر لوگوں کو صوبائی الیکشن کمشنر تعینات کیا جائے کیونکہ ایسا نہ کیا گیا تو شکوک و شبہات جنم لیں گے۔ الیکن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ آر اوز پر نظر رکھے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات الیکشن کمیشن کا امتحان ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن زیادہ خود مختار ہے۔ اب بھی الیکشن کمیشن ناکام ہوا تو اللہ ہی حافظ ہے۔