کراچی: (دنیا نیوز) ٹیکساس فائرنگ میں جاں بحق پاکستانی طالبہ کی میت چند گھنٹے بعد کراچی پہنچے گی، نمازِ جنازہ حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین عظیم پورہ قبرستان میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک سکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت چند گھنٹوں بعد وطن پہنچے گی۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ کراچی کے حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین کیلئے میت کو عظیم پورہ قبرستان لے جایا جائے گا۔
پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ امریکی حکومت کے ایک سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکا تعلیم حاصل کرنے گئی تھیں۔ اس پروگرام کے اختتام میں چند ہفتے ہی باقی تھے اور اس ہونہار طالبہ کی پاکستان واپسی عیدالفطر سے پہلے متوقع تھی لیکن18 مئی کو امریکی ریاست ٹیکساس کے سانٹا فے سکول میں فائرنگ کے واقعے میں وہ جاں بحق ہو گئیں۔ اس واقعے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ سینٹا فے میں 18 مئی کے روز پیش آنے والا واقعہ امریکی سکولوں میں فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی رواں سال میں مختلف سکولوں میں فائرنگ کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔