اولیول ہسٹری کے طلبہ کو متنازع مواد پڑھانے کا انکشاف

Last Updated On 24 May,2018 05:24 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) اولیول کے طلبہ کو پاکستانی فوج کے خلاف متنازع نصاب پڑھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

دی ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان نامی کتاب میں نائجل کیلی مصنف نے شیخ مجیب کا پاکستانی فوج کے خلاف متنازعہ بیان لکھا اس ایڈیشن پاکستان میں نظر ثانی کرکے او لیول کے طلبہ کوپڑھایا جا رہا ہے۔ صوبہ پنجاب میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ایکٹ 2015ء کے تحت بورڈ کی منظوری کے بغیر کسی قسم کا مسودہ، کتاب شائع کرنا غیر قانونی عمل ہے۔ یہ کتاب پاکستان کے چاروں صوبوں میں اولیول کے طلبہ کو پڑھائی جا رہی ہے جس کے صفحہ نمبر 196 میں سورس اے کے نام سے شیخ مجیب کی تقریر کا ایک متنازع حصہ تحریر کیا گیا ہے جس کو ان کی 26 مارچ 1971ء کی تقریر کا پارٹ قرار دیا گیا ہے۔

ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ مصنف کی جانب سے جان بوجھ کر یہ متنازع پیرا طلبہ کو پڑھایا جا رہا ہے جو ایک قابل شرم امر ہے۔ اسی صفحہ 196 پر پیرا کے نیچے دو ننگے بچوں کی تصویر کشی کی گئی ہے جنہیں بنگلا دیشی ظاہر کر کے ان کے اردگرد میزائل دکھائے گئے ہیں۔

لاہور نیوز میں خبر نشر ہونے کے بعد ایم ڈی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالقیوم نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ہم نے لاہور نیوز کی نشاندہی پر اس کتاب پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔