اسلام آباد: (دنیا نیوز ) خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے پارلیمنٹ کا جنگلہ توڑا گیا اور پی ٹی وی پر قبضہ کرایا گیا، عمران با آواز بلند طاہرالقادری کو مبارکباد دیتے رہے، جو نفرت کے بیج بوئے گئے آج تنا آور درخت بن گئے۔
وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تمام سیاسی جماعتوں نے مغلظات کا سامنا کیا، آپ نے سب کو چور قرار دے دیا، ایوان نے آپ کے مینڈیٹ کا تحفظ کیا اور استعفے واپس کیے۔ انہوں سوال کیا کہ کون تھا جس نے پارلیمنٹ کی دیواروں پر گندے کپڑے ڈالے، ایسی صورتحال میں الیکشن میں جا رہے ہیں جہاں نفرت پھیل رہی ہے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا ہم کسی کی نااہلی کے حامی نہیں ہیں، باریاں سب نے دی ہیں، اللہ نہ کرے آپ کو بھی باری دینا پڑے، بیک ڈور کے ذریعے سیاستدانوں کو سیاست سے نکالنا ٹھیک نہیں ہے۔