اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے ملک میں حقیقی جمہوریت چاہیے تو سب کو حق کیلئے کھڑے ہونا ہوگا، مستعفی یا رخصت پر چلے جانے کا پیغام بھجوانے والے ماتحت کو فارغ کرسکتا تھا، لیکن ملک کی خاطر تحمل سے کام لیا۔
احتساب عدالت میں پیشی سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ گزشتہ روز ان کی مکمل تقریر ٹی وی پر نشر ہونا حیران کن ہے، اگر ملک میں حقیقی جمہوریت چاہیے تو سب کو حق کیلئے کھڑے ہونا ہوگا، اب کھڑے ہوں گے تو یہ ممکن ہو جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:پیغام ملا مستعفی ہو جاؤ یا طویل چھٹی لیکر چلے جاؤ: نواز شریف
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے وزارت عظمیٰ چھوڑنے یا رخصت پر چلے جانے کی دھمکی نما مشورہ دینے والے اپنے ماتحت کو فارغ کرسکتا تھا، لیکن ملک کی خاطر تحمل سے کام لیا۔ مشاہد اللہ اور پرویز رشید کو فارغ کرنا بردباری کا حصہ تھا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ حقائق منظرعام پرآنے چاہیئں عدالت میں بتانا تھا تو بتا دیا ہے، ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، سچ ریکارڈ پرلانے کے لئے گزشتہ روز بتایا۔
سابق وزیراعظم نے نواز شریف نے مریم نواز کے بیان ریکارڈ کرانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا یہاں ایک باپ کے سامنے اسکی بیٹی مقدمہ بھگت رہی ہے، جس کا اس کیس سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا یہ نوبت بھی آنی تھی کہ بیٹیوں کو مقدمات میں گھسیٹا جا رہا ہے، جس زمانے کا یہ کیس بھگت رہے ہیں اس وقت مریم کا سیاست سے دور دور تک تعلق واسطہ نہیں، نئی قسم کی روایات قائم کی جا رہی ہے، جنہوں نے یہ روایت قائم کی ہے یہ سودا انکو بھی مہنگا پڑے گا۔