اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) صدر مملکت کی تنخواہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے ، سربراہ مملکت کی تنخواہ چیف جسٹس آف پاکستان سے ایک روپیہ زیادہ رکھی گئی ہے ، صدر کے عہدہ کے لئے تنخواہ کے اضافہ کی منظوری گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے دی تھی۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی تنخواہ 81 ہزار روپے تھی جس میں اضافہ کیلئے وزیراعظم آفس نے تجویز دی تھی، تجویز میں کہا گیا تھا کہ سربراہ مملکت کی تنخواہ انتہائی کم ہے، بطور سربراہ مملکت صدر کی تنخواہ سب سے زیادہ ہونی چاہیے۔
چیف جسٹس کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 549 روپے ہے ، چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ کو بنیاد بناتے ہوئے صدر مملکت کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 550 روپے مقرر کی گئی ہے جو چیف جسٹس کی تنخواہ سے ایک روپیہ زیادہ ہے ، اس سے قبل صدرمملکت کی تنخواہ 81 ہزار روپے تھی اس طرح صدر کی تنخواہ میں 7 لاکھ 65 ہزار 549 روپے اضافہ ہوگیا ہے ، دیگر الائونسز، مراعات تنخواہ سے الگ ہوں گے۔
صدر کی تنخواہ میں 958 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مہنگائی کے تناسب سے ہر سال دس فیصد اضافے کی بھی منظوری دی گئی، صدر کی تنخواہ ایکٹ 1975 کے تحت مقرر کی گئی تھی اس لئے ایکٹ میں ترمیم کرنا ضروری ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق 13 ستمبر 2017 کو سینیٹ کے وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے ایوان کو آگاہ کیا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 549 ہے الائونسز اس کے علاوہ ہیں۔ چیف جسٹس کی تنخواہ مدنظر رکھتے ہوئے صدر کی تنخواہ ان سے ایک روپیہ زیادہ رکھا گیا ہے۔ اس نئی تنخواہ کے مطابق صدر پاکستان کی تنخواہ کسی بھی سرکاری عہدیدار کی تنخواہ سے زیادہ ہوجائے گی۔