پاکستان کے متعلق حکمت عملی کیا ہو گی؟ ٹرمپ امداد روکنے سے متعلق آج کانگریس کو آگاہ کریں گے۔ مزید مطالبات بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈو مور اور نو مور میں الجھی ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کی امداد بند کرنے پر تلی بیٹھی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ آج کانگریس کو پاکستان کی امداد روکنے کے اقدام کے بارے میں آگاہ کرے گی۔
کانگریس کے ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستان کی کس مد میں اور کتنی اور کتنے عرصے کے لئے امداد روکی جائے گی۔
ادھر وزارت خارجہ نے بھی اس سلسلے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔ امریکی کانگریس کے بیشتر ارکان جن میں ری پبلکنز کی تعداد زیادہ ہے، پہلے سے ہی پاکستان کی امداد روکنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی امداد روکنے سے متعلق سوال پر ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرز نے کہا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کر دیا جائے گا۔