’نگران وزیرِاعظم کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کرینگے‘

Last Updated On 24 May,2018 10:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور وزیرِاعظم کے درمیان پانچ ملاقاتیں ہوئیں مگر نتیجہ کچھ نہیں نکلا، ہماری کوشش ہو گی کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے۔

زرداری ہاؤس میں پیپلز پارٹی کا آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں خورشید شاہ، شیری رحمان، نئیر بخاری، نوید قمر، چودھری منظور، اخونزادہ چٹان، فرحت اللہ بابر اور دیگر نے شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نگران وزیرِاعظم کے ایشو پر اجلاس کو بریفنگ دی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ اجلاس میں فاٹا کے بل پاس ہونے پر وہاں کے عوام کو مبارکباد دی گئی۔ اجلاس میں نگران وزیرِاعظم کے ایشو پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِاعظم اور اپوزیشن لیڈر کی پانچ ملاقاتیں ہوئیں لیکن ابھی تک حکومت نے ہمارے نام تسلیم کیے اور نہ ہم نے ان کے، ابھی پارلیمانی کمیٹی میں جانے کے لیے دن ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر 28 یا 29 مئی تک کمیٹی بن جانی چاہیے۔ اس کے الیکشن کمیشن کا رول آتا ہے۔ ہم آخری دن تک کوشش افہام و تفئیم کی کوشش کریں گے۔ ہمیں وزیرِاعظم اور نواز شریف نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ہم اپوزیشن کا ہر نام تسلیم کریں گے۔ اب ن لیگ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹی ہے۔ ہم نے تحریکِ انصاف کو بھی آن بورڈ رکھا لیکن ایک موقع پر انہوں نے میڈیا کے ذریعے نام ہم تک پہنچائے۔