لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پانچ سال میں ملک کا برا حال ہوا، ناکام منصوبوں نے محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ملک کا برا حال کر دینے والوں کی اب کوئی چال کامیاب نہیں ہو گی۔
پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کیلئے وسائل کی بے دریغ بندر بانٹ کر رہی ہے۔ شریفوں کی کرپشن زدہ سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے، چند روز کے مہمان کٹھ پتلی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا فراہم کردہ وینٹی لیٹر بھی اترنے والا ہے۔ نگران حکومت کے آتے ہی نواز لیگ کی مصنوعی مقبولیت کا پول بھی کھل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامہ بازی کیلئے ایک منصوبے کا 4،4 بار افتتاح کرنے والے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر میں کمی، ملکی قرضوں، اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ترقی کے دعویداروں کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔ نااہل نواز شریف کے جلسوں کیلئے سرکاری فنڈز، مشینری اور رہائش گاہیں فراہم کرنے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اورنج ٹرین کا کھاتہ کھلا تو لوٹ مار کے نئے ریکارڈز سامنے آئیں گے۔