لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں قیامتِ صغریٰ برپا ہے، لوگ پارٹی کو چھوڑ کر جا رہے ہیں، نواز شریف کی سیاست ختم اب عمران خان ملک کے وزیرِاعظم بنیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف تحریکِ نجات چلائیں تو سیاسی موومنٹ ہوتی ہے لیکن ان کیخلاف دھرنا ہو تو فوج کراتی ہے؟ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں دھرنا سٹیبلشمنٹ کی سازش تھی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف جب وزیرِاعظم بنے تو عمران خان نے اسمبلی میں پہلے دن چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا جس پر وعدہ کیا گیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں گی لیکن وعدہ خلافی ہوئی تو مجبوراً دھرنا شروع کرنا پڑا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے آپ کو سیاسی مظلوم بنا کر پیش کر رہے ہیں، انھیں گلا ہے کہ فوج اور عدلیہ نے پاناما کی تحقیقات کیوں کیں؟ ان کا مقصد صرف اپنی جائیداد بچانا ہے۔ انھیں پاکستان سے محبت ہوتی تو 300 ارب بیرون ملک نہ لے کر جاتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کو یقین دلاتے ہیں کہ احتساب کا عمل رکے گا نہیں بلکہ تیز ہو گا۔
پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کشمیر کو بھارت کا حصہ سمجھتے ہیں۔ وہ دکھی دل سے کارگل پر بات کرتے ہیں لیکن سیاچن پر نہیں، اگر کارگل برا تھا تو سیاچن میں بھی تو وہی ہوا تھا۔