دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا افسوسناک، عمران خان ذمہ دار ہیں: نوازشریف

Last Updated On 23 May,2018 10:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا افسوسناک عمل ہے، تحریک انصاف کا یہی کلچر ہے جس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی ارکان گتھم گتھا ہوئے۔

ایون فیلڈ کیس میں پیشی کیلئے آئے نوازشریف نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی نے کیا کام کیا، تحریک انصاف کوئی قابل ذکر کارنامہ بتا دے۔ سوائے دھرنوں، امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے کے پی ٹی آئی نے کیا کیا؟ نواز شریف نے کہا کہ تھپڑ کلچر کی بنیاد عمران خان نے رکھی۔ دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا افسوسناک عمل ہے اور تھپڑ کلچر کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی ارکان گتھم گتھا ہوئے۔

جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی میں جھڑپ سے متعلق سوال پر نواز شریف نے کہا کہ ایک ایک کر کے سارے سچ باہر آ رہے ہیں۔ دونوں رہنما ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگاتے رہے، ان کے سارے پول کھل رہے ہیں۔ امپائرکی انگلی اوراس کے پیچھے ناچنا، یہ ہے پی ٹی آئی۔ نواز شیف کا کہنا تھا کہ انھوں نے کہا 4000 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، کہاں ہے۔ ایک ارب درخت، 360 ڈیم کہاں ہیں۔ اپنے خرچے پر کے پی کے جانے کو تیار ہوں۔ یواین ڈی پی کےمطابق کے پی کے سے جنوبی پنجاب میں زیادہ خوشحالی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چشتیاں جلسے میں لوگ نعرے لگا رہے تھے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ اگلا الیکشن اسی نعرے پر ہوگا۔ آج 5 بجے اٹک میں جلسے سے خطاب کروں گا۔ صحافی کے سوال کہ پی ٹی آئی نے 100 دن کا ایجنڈا دیا پر نواز شریف نے کہا کہ انھوں نے ابھی تک خیبر پختونخوا میں اب تک کیا کیا ہے۔