اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن فلیٹس کے متعلق احتساب عدالت کے سوالات کے جواب نہیں دے سکے۔
ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے سابق وزیرِاعظم کے لندن فلیٹس کیس میں بیان پر طنز بھرا تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف سوالات کے جوابات نہیں دیتے، پھر کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا؟
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں پتہ نہیں ایون فیلڈ پراپرٹی کہاں سے آئی؟ انہوں نے جواب میں کہا ہے کہ پتہ نہیں گلف سٹیل کے ذرائع کہاں سے آئے؟ وہ کہتے ہیں کہ گلف سٹیل طارق شفیع کی اور طارق شفیع کہتے ہیں کہ نواز شریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ حارث بھی یہی کہانی بیان کریں گے تو قصہ ختم ہو جائے گا۔