الیکشن میں پتہ چل جائیگا تحریک انصاف نے کیا کچھ کیا: پرویز خٹک کا دعویٰ

Last Updated On 21 May,2018 01:55 pm

صوابی: (دنیا نیوز) پرویزخٹک کا کہنا ہے کہ انتخابات میں معلوم ہوجائے گا کہ تحریک انصاف نے کیا کیا ؟ حکومت سنبھالی تو خستہ حال ہسپتال اور سکول ملے، یو این ڈی پی کی رپورٹ ڈرامہ ہے، الزام لگانے والوں خود کرپٹ اور ڈاکو ہیں۔

سوات ایکسپریس وے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سوات ایکسپریس وے کی تعمیر میں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا، صوبائی حکومت نے میگا منصوبے کیلئے 11 ارب روپے دیئے ہیں، ایکسپریس وے کا انتظام 25 سال تک ڈبلیو ایف او کے پاس رہے گا جس سے روزانہ 14 سے 15 ہزار گاڑیاں گزریں گی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے بجائے ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے عوام کیلئے کیا کیا ؟ بتایا جائے کہ ان کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں کیا کارکردگی ہے۔ انہوں نے یواین ڈی پی کی رپورٹ کو بھی ڈرامہ قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کو عوام کیلئے کھولا جا رہا ہے، سوات کو دو سرنگوں کے ذریعے اس سڑک کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے، 30 دسمبر سے قبل دوسری سرنگ بھی کھول دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے سوات ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا، سوات ایکسپریس وے اکیاسی کلومیٹر طویل ہے۔ ابتدائی طور پر 14 کلومیٹر سڑک کو کرنل شیرخان انٹرچینج سے دھوبیان انٹر چینج تک عوام کی آمدورفت کیلئے کھولا گیا ہے۔ منصوبے پر 34ارب روپے لاگت آئے گی۔ دھوبیان سے کاٹلنگ انٹر چینج تک روڈ جون میں کھولا جائے گا، ایکسپریس وے کی تکمیل دسمبر 2018ء تک مکمل ہوگی۔