عمران خان کے سارے نکات قابل عمل ہیں، تھنک ٹینک

Last Updated On 21 May,2018 11:56 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے پی ٹی آئی کو اپنے ابتدائی 100 دنوں کے ایجنڈے میں تعلیم پر زور دینا چاہیے تھا ۔ عمران کے دیئے سارے نکات قابل عمل ہیں ۔ ایک کروڑ مکان بنائے جا سکتے ہیں ۔ لاکھوں نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں ۔ سب سے اہم ہے ملک میں " امن"۔

پروگرام تھنک ٹینک کی میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا ن لیگ حکومت نے کسانوں کا تو بیڑا غرق کر دیا، اگر انہیں کھاد، بار دانہ، پانی مہیا کیا جائے تو پیدا وار دگنی کی جا سکتی ہے۔ کون سا کام ہے جو ناممکن ہے ؟ زرداری اور نواز چاہتے ہیں کہ قوم ساری مر جائے انہیں اقتدار مل جائے ۔ یہ ظالم لوگ ہمارے خون پر زندہ ہیں ۔ معروف کالم نگار وتجزیہ کار ایاز امیرنے کہا پی ٹی آئی کے سو روزہ پلان پر ان کے رہنماؤں نے نہ ختم ہونیوالی جو تقاریر فرمائی ہیں ، کمال ہیں! پہلے اقتدار مل تو جائے ؟ انہو ں نے کہا تمام سیاسی پارٹیاں نعرے تو لگاتی ہیں لیکن پورے نہیں کرتیں۔

سیاسی تجزیہ کار اور روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا پی ٹی آئی نے اپنے منشور میں بڑے ڈیمز کی بات کی ہے ۔ یہ ہمارا انتہائی اہم ایشو ہے ۔ 2013 کے الیکشن سے پہلے عمران خان نے کالا باغ ڈیم کی بات کی تھی ، لیکن جب پرویز خٹک سے اقتدار میں آنے کے بعد کالا باغ کا سوال کیا تو لڑنے کو دوڑے ۔ سیاسی میدان میں سب پارٹیاں ایک جیسا منشور پیش کرتی ہیں ۔ اس پر عمل درآمد ، اصل مسئلہ ہوتا ہے ! جب یہ لوگ حکومت میں آ جاتے ہیں پھر عوام کی طرف نہیں دیکھتے ۔ انہوں نے تمام ایشو ہی سلگتے ہو ئے اٹھائے ہیں ، لیکن ان کو حل کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ۔ اس قسم کے سیاسی پس منظر میں کوئی بھی پارٹی سو تک پہنچتی نظر نہیں آتی ۔ن لیگ عوام کے پاس ایک ایجنڈا ضرور لے کر جائے گی کہ لوڈشیڈنگ کم ہوئی ہے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کے ختم ہوتے ہی ملک میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا جائے گا اور اس کا مقصد مسلم لیگ ن کے ووٹ بینک پر اثر انداز ہونا ہے۔

سیاسی تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا ایسی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے کہ جونہی مرکز اور پنجاب سے مسلم لیگ ن کی حکومت آئینی طور پر ختم ہو تو فوری طور پر ملک میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا جائے تاکہ ووٹر کویہ باور کرایاجا سکے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت تمام تر دعوؤں کے باوجود ملک سے لوڈ شیڈ نگ کا خاتمہ نہیں کر سکی ۔اس لئے ضروری ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے فوری ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے وہ عوام کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہو جائے کہ بڑی حد تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کردیا گیا ہے۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کچھ لوگ مختصر بات ہی نہیں کرتے تحریک انصاف نے آ ج انتخابی منشور پیش کیا ہے ۔ الیکشن سے قبل تمام سیاسی جماعتیں ہی اسی طرح کرتی ہیں ۔ اصل امتحان تو الیکشن میں کامیابی کے بعد سامنے آتا ہے۔