این اے 131 میں کپتان کا ڈٹ کر مقابلہ ہوگا، سعد رفیق کی للکار

Last Updated On 09 June,2018 09:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 سے سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکسان مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق عمران خان سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عندیہ دیا ہے.

تخت لاہور کی جنگ کیلئے سیاسی جماعتوں نے اپنے سپہ سالار میدان میں اتار دئیے، آئندہ عام انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لئے مسلم لیگ نون ، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے درمیان کڑا مقابلہ ہوگا۔ لاہور کے حلقہ این اے 123 سے مسلم لیگ نون کے ملک ریاض کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں، ان کے مقابلے میں تاحال تحریک انصاف سے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے اقبال ملک بھی اسی حلقے سے میدان میں ہیں۔این اے 124سے مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کا مقابلہ پی ٹی آئی کے نعمان قیصر سے ہوگا جبکہ پیپلزپارٹی کے چودھری ظہیر کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔ این اے 125 سے مسلم لیگ نون کی جانب سے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کو الیکشن لڑانے کی تجویز زیربحث ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے ڈاکٹر یاسمین راشد اور پیپلزپارٹی کے زبیرکاردار بھی الیکشن لڑیں گے۔ این اے 126 سے مسلم لیگ نون کے مہراشتیاق ، پی ٹی آئی کے حماد اظہر اور پیپلزپارٹی کے اورنگزیب برکی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ این اے 127سے مسلم لیگ نون کے سابق وزیر ملک پرویز، پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ اور پیپلزپارٹی کے زاہد ذوالفقار خان آمنے سامنے ہونگے۔این اے 128سے مسلم لیگ نون کی جانب سے شیخ روحیل اصغر ، پی ٹی آئی کے اعجاز ڈیال اور پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے حاجی ناصر خان میدان میں ہونگے جبکہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے ڈاکٹر آصف اشرف جلالی بھی اسی حلقے سے کاغذات نامزدگی حاصل کر چکے ہیں۔این اے 129سے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق کا مقابلہ پی ٹی آئی کے عبدالعلیم خان اور پیپلزپارٹی کے اشرف بھٹی سے ہو گا۔ اسی حلقے سے پی ٹی آئی ولید اقبال آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں انہوں نے اعلان کر رکھا ہے کہ ان کی ٹکٹ کے بارے میں مقررہ تاریخ تک فیصلہ نہ ہو سکا تو وہ یہ کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے۔اور پارٹی کے فیصلے پر سرتسلیم خم کریں گے۔این اے 130سے مسلم لیگ نون کے خواجہ احمد حسان ، پی ٹی آئی کے شفقت محمود اور پیپلزپارٹی کے عاصم محمود بھٹی الیکشن لڑیں گے۔

این اے 131 سے بڑی سیاسی جماعتوں کے بڑوں کے درمیان بڑا مقابلہ ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین خواجہ سعد رفیق، پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق آمنے سامنے ہوں گے جبکہ برابری پاکستان پارٹی کے چیئرمین جواد احمد نے بھی اسی حلقے سے الیکشن لڑنے کا باقاعدہ اعلان کر رکھا ہے۔این اے 132 سے مسلم لیگ نون کے چودھری عبدالغفور، پی ٹی آئی کے چودھری محمد منشا سندھو اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ثمینہ خالد گھرکی یا نوید چودھری مدمقابل ہوں گے۔این اے 133 سے مسلم لیگ کے زعیم قادری ، پی ٹی آئی کے اعجاز چودھری اور پیپلزپارٹی کے فیصل میر الیکشن لڑیں گے۔این اے 134 سے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف، پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کھوکھر اور پیپلزپارٹی کے مصطفیٰ جٹ مدمقابل ہوں گے۔ این اے 135 سے مسلم لیگ نون کے سیف الملوک کھوکھر، پی ٹی آئی کے کرامت کھوکھر اور پیپلزپارٹی کے امجد جٹ جبکہ این اے 136 سے مسلم لیگ نون کے افضل کھوکھر ، پی ٹی آئی کے خالد گجر اور پیپلزپارٹی کے جمیل منج میدان میں اتریں گے۔