راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کی جانب سے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشتوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے چوہدری نثار کو 13 جون کو طلب بھی کر لیا۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں ساتویں روز بھی عام انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی سے چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے۔ ان کی جانب سے شیخ اسلم اور شیخ ساجد نے کاغذات جمع کرائے۔ چودھری نثار نے این اے 59 پی پی 10 اور پی پی 12 سے کاغذات جمع کرائے۔
ادھر پی پی دس سے جمع ہونے والے چودھری نثار کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے ریٹرننگ افسر نے سابق وزیرِ داخلہ کو 13 جون کو طلب کر لیا ہے۔ دیگر امیدواروں میں چودھری نثار کے حلقہ این اے 59 سے (ن) لیگ کے ایک اور امیدوار انجینئر قمر السلام نے بھی کاغذات جمع کرائے ہیں، ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں مریم نواز کی حمایت حاصل ہے۔
چودھری نثار کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نجانے کیوں مجھے ٹکٹ نہ دینے کا بہانہ بنانے کیلئے مضحکہ خیز ڈرامے کیے جا رہے ہیں۔ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی محتاج، علالت سے صحتیابی کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہارِ رائے کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جاتی امراء والوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچگانہ حرکتوں سے نہ اپنا مذاق اڑوائیں اور میری ہی تضحیک کی جائے۔ کیا ایسا کبھی ہوا کہ پارٹی کے سینئر ترین ارکان بورڈ کے سامنے آ کر ٹکٹ کیلئے انٹرویو دیں؟