جھنگ: ن لیگ کا کوئی امیدوار نہیں، عوام شیر پر مہر نہیں لگا سکیں گے

Last Updated On 11 June,2018 10:55 am

جھنگ: (روزنامہ دنیا) جھنگ کے ووٹرز 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں شیر کے نشان پر مہر نہیں لگا سکیں گے۔

25 جولائی کو ہونے والے تمام انتخابات میں جہاں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے وہاں سیاسی پارٹیاں ملک بھر میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سرگرم ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے جھنگ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے حصول کے لیے کسی بھی امیدوار نے درخواست نہ دی ہے اس طرح اب جھنگ میں مسلم لیگ نون کا کوئی بھی امیدار نہیں ہو گا اور جھنگ کے شہری شیر کے نشان پر مہر نہیں لگا سکیں گے۔

جھنگ میں قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستیں ہیں دلچسپ بات یہ ہے کہ نون لیگ کے ضلعی صدر اور سابق ایم پی اے خالد غنی سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر سابق اراکین اسمبلی اپنی جماعت کے ٹکٹ کی بجائے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

یاد رہے عام انتخابات کے لئے آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا آخری دن ہے، ملک بھر سے الیکشن لڑنے والے امیدوار آج فائنل ہو جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے شفقت محمود نے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چودھری نثار نے این اے 59، پی پی 10 اور پی پی 12 سے کاغذات جمع کرائے۔ خواجہ آصف نے بھی این اے 73 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پالیمانی بورڈ نے ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ کر لیا۔ شہباز شریف این اے 132 سے امیدوار ہونگے، این اے 124 سے حمزہ شہباز جبکہ 127 سے مریم نواز انتخابات میں حصہ لیں گی۔ کھوکھر برادران بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 3 ٹکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ این اے 135 سے سیف کھوکھر، این اے 136 سے افضل کھوکھر اور پی پی 161 سے فیصل کھوکھر امیدوار ہونگے۔

ن لیگ کے خواجہ احمد حسان، پرویز ملک اور شیخ روحیل اصغر نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ خواجہ سعد رفیق نے این اے 134 سے اپنے نمائندے کے ذریعے کاغذات حاصل کئے۔