لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں ایک نامعلوم شخص نے گھسنے کی کوشش کی، پولیس نے مشتبہ شخص کو باہر نکال دیا۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیرِ علاج بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں ایک مشکوک شخص نے گھسنے کی کوشش کی، تاہم ہسپتال انتظامیہ نے اسے زبردستی وہاں سے نکال دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ شخص خود کو ڈاکٹر ظاہر کر رہا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس موقع پر حسین نواز کا اس مشتبہ شخص سے جھگڑا بھی ہوا۔ ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے والے کی شناخت ڈاکٹر نوید کے نام سے ہوئی ہے۔
حسین نواز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میری والدہ کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا مشکوک شخص خود کو ڈاکٹر ثابت کر رہا تھا لیکن سیکیورٹی نے بروقت وہاں پہنچ کر اسے کمرے سے باہر نکال دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص سیکیورٹی کو بے وقوف بنا کر میری والدہ کلثوم نواز کے کمرے تک پہنچا، ہماری فیملی پہلے ہی بہت پریشان ہے اور ایسے لوگ آ کر اور پریشان کر رہے ہیں۔