لاہور (دنیا نیوز ) عید کے دن بارش نے بھی عیدی دیدی، اسلام آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں بادل برسنے سے موسم حسین ہوگیا، لوگوں کے چہرے کھل اُٹھے، بادلوں کی شرارتیں دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہیں گی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی۔ آسمان سے گرتی بارش کی بوندوں نے عید کا مزا دوبالا کر دیا، باغوں کے شہر میں وقفے وقفے سے بادلوں کی شرارتیں جاری ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا۔ لوگوں نے عید پر بارش کو قدرت کا تحفہ قرار دیدیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی باران رحمت سے لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیر محل سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل خوب برسے جس سے گرمی اُڑن چھو ہوگئی اور عید ٹھنڈی ٹھار ہوگئی۔
مری، گلیات، ناران اور شوگران میں بارش کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد حسین وادیوں کی سیر کو نکل پڑی، کوہستان میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی سے دیر کمراٹ روڈ بند ہوگیا، درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں، سیاحوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی عیدی آج دن بھر وقفے وقفے جاری رہے گی۔