لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے عید الفطر پر اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کی نوید سنائی ہے۔ آج بھی مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ابرکرم برسنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج جمعہ کو مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ دن کے وقت بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، گوجرانوالہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا سبب بنیں گی ہفتہ سے پاکستان میں پری مون سون بارش کا آغاز ہوگا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ عید الفطر کے تینوں روز اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوگی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔