عوامی تحریک نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا

Last Updated On 24 June,2018 02:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عوامی تحریک نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، یہ جمہوریت نہیں، نظام کو بدلنے کیلئے نظام کا حصہ ہونا ضروری نہیں۔

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام دھاندلی زدہ اور ظلم زدہ ہے اور کرپٹ کو تحفظ دیتا ہے جبکہ پی اے ٹی والے کچلنے والے نظام کا حصہ نہ تھے نہ ہیں اور نہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے انتخابات پر یقین رکھتے ہیں جس میں آئین بالادست ہو۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینا ہماری جدوجہد کی موت ہے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ٹکٹ جاری نہیں کریں گے اور امیدواروں کے جمع کرائے گئے کاغذات واپس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ انتخابی نظام کی اصلاح کیلئے 2013 میں جدوجہد شروع کی، ہماری جنگ صرف نظام کی تبدیلی اور اصلاحات کی تھی۔ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا آج تک انصاف نہیں ملا، اصولوں کی جنگ جاری رکھیں گے۔